)آئی پی ایل 2012 کے میچ کے دوران سیکورٹی گارڈ کے خلاف دھمکی آمیز
رویہ اختیار کرنے اور بچوں کی موجودگی میں نازیبا زبان استعمال کرنے پر
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے خلاف 2 سال بعد مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا
گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 2012 کے آئی پی ایل میں کلکتہ نائٹ
رائیڈراور ممبئی انڈین کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران بالی ووڈ
اسٹار شاہ رخ خان ایک سیکورٹی گارڈز سے الجھ پڑے تھے اور اس دوران انہوں نے
گارڈ کو اسٹیڈیم میں موجود بچوں کے سامنے مغلظات بکیں۔ اسٹیڈیم میں پیش
آنے والے واقعے کے بعد اس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا گیا تھا جس نے 2
سال گزرنے کے بعد تحقیقات مکمل کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے خلاف نہ صرف مقدمہ
درج کرنے کا حکم دے دیا ہے بلکہ بالی ووڈ اسٹار کے خلاف اتنے عرصے تک مقدمہ
درج نہ ہونے کی تحقیقات کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق
شاہ رخان کے خلاف جوینائل جسٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ واضح
رہے کہ 2012 میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے
سکیورٹی گارڈ سے توہین آمیز سلوک کرنے پر شاہ رخ خان کے وینکھڈے اسٹیڈیم
میں داخلے پر 5 سالہ کی پابندی بھی عائد کی تھی جو تاحال برقرار ہے۔
Comments
Post a Comment